Dawn News Television

شائع 20 اگست 2018 04:31pm

عمران عباس کا دنیا کے خوبصورت چہروں کیلئے انتخاب

پاکستانی اداکار اور ماڈل عمران عباس کو ایک عالمی ادارے نے دنیا کے سب سے زیادہ خوبصورت چہروں میں شمار کرنے کے لیے انہیں نامزد کردیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ 35 سالہ عمران عباس کو دنیا کے خوبصورت چہروں میں شامل کرنے کے لیے انہیں نامزد کیا گیا ہے۔

ہر سال دنیا کے خوبصورت ترین افراد کی فہرست جاری کرنے والے ادارے ‘ٹی سی کینڈلر اور انڈیپینڈنٹ کرٹکس’ کی جانب سے پاکستان، بھارت، ترکی، ایران، افغانستان، امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے درجنوں ممالک سے اداکاروں، اسپورٹس شخصیات اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔

ادارے کی جانب سے پاکستان سے صرف عمران عباس کو ہی دنیا کے 100 خوبصورت افراد کے مقابلے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ادارے نے جہاں پاکستان سے صرف ایک ہی شخصیت کو نامزد کیا ہے، وہیں ادارے نے بھارت سمیت متعدد ممالک سے ایک سے زائد شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے۔

بھارت سے جہاں ہریتھیک روشن کو نامزد کیا گیا ہے، وہیں سدھارتھ ملہوترا اور ورون دھون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا، اروشی روتیلا اور دپیکا پڈوکون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اسی فہرست میں بھارتی نژاد برطانوی بنیتا سندھو کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

دنیا کے 100 خوبصورت افراد میں ترکی اور ایران سے بھی ایک سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

برطانیہ اور امریکا سمیت جنوبی کوریا جیسے ممالک سے بھی ایک سے زائد لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

Read Comments