Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 اگست 2018 07:47pm

ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کا کامیاب آغاز، تھائی لینڈ کو 0-10 سے شکست

پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار انداز میں آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 0-10 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا کے گیلورا بنگ کارنو اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں قومی ٹیم کوشش کے باوجود کوئی گول اسکور نہ کر سکی البتہ کوارٹر کے اختتام سے کچھ دیر قبل توثیق ارشد نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلادی۔

اس گول کے ساتھ ہی گولوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور پاکستان نے دوسرے ہاف میں تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے تین گول اسکور کر کے 0-4 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں بھی پاکستان نے گول اسکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور مجموعی طور پر مزید 6 گول اسکور کر کے میچ میں 0-10 سے کامیابی حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے عتیق ارشد نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ ان کے بھائی توثیق ارشد نے دو گول اسکور کیے۔

اس کے علاوہ ابوبکر نے دو جبکہ مبشر علی نے ایک گول اسکور کیا۔

ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا اگلا مقابلہ بدھ (22 اگست) کو عمان سے ہو گا۔

Read Comments