Dawn News Television

شائع 22 اگست 2018 08:53pm

ایشین گیمز: پاکستان لگاتار دوسرے میچ میں 0-10 سے کامیاب

ایشین گیمز 2018 میں پاکستان ہاکی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں عمان کو 0-10 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 0-10 سے زیر کرنے کے بعد پاکستان نے عمان کی کمزور ٹیم کو بھی تختہ مشق بناتے ہوئے یکساں مارجن سے کامیابی اپنے نام کی۔

پاکستان نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور دوسرے ہی منٹ میں محمد عمر بھٹہ نے گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلا دی۔

پہلے کوارٹر کے اختتام سے چند لمحے قبل اعجاز احمد نے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کی برتری کو دگنا کردیا۔

تاہم حیران کن طور پر پاکستانی ٹیم دوسرے کوارٹر میں کوئی اسکور نہ کرسکی اور میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک گرین شرٹس کو 0-2 کی برتری حاصل تھی اور کوئی بھی یہ توقع نہیں کر رہا تھا کہ میچ کے اختتام پر اسکور 0-10 ہو گا۔

تیسرے کوارٹر میں گول اسکور ہونے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور پاکستان نے اس دوران مزید 5 گول اسکور کر کے میچ میں 0-7 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے آخری 15 منٹ میں پاکستان نے مزید تین گول اسکور کے 0-10 کی بدترین شکست عمان کا مقدر بنانے کے ساتھ ساتھ لگاتار دوسرے میچ میں شاندار فتح اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے متبادل کھلاڑی علی شان نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ محمد دلبر اور محمد عرفان نے دو، دو گول اسکور کیے۔

دیگر کھلاڑیوں میں اعجاز احمد، محمد عتیق اور عمر بھٹہ ایک، ایک مرتبہ گیند کو گول پوسٹ تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہو گئی ہے لیکن بہتر گول اوسط کے سبب ملائیشیا پہلے نمبر پر موجود ہے اور گرین شرٹس کا دوسرا نمبر ہے۔

ایشین گیمز میں پاکستان کا اگلا میچ جمعے کو قازقستان سے ہو گا۔

Read Comments