Dawn News Television

شائع 01 ستمبر 2018 08:52pm

بیوروکریسی کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، وزیر اعظم

لاہور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے ان کی حکومت خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں صوبائی سیکرٹریز سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں بیوروکریسی کا اہم کردار ہے اور ملک کے معاملات کو چلانے کے لیے بیوروکریسی کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر علمدرآمد کے لیے بیوروکریسی کے مکمل عزم اور کارکردگی کی ضرورت ہے، تاکہ اداروں میں بہتری کے وژن کو حقیقت میں بدلا جاسکے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'ہماری حکومت صرف آپ کی کارکردگی سے آپ کو جانچے گی، آپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے پورا موقع دیں گے اور خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب کی بیوروکریسی کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔'

انہوں نے 60 کی دہائی کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی سیکریٹریز پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر شفافیت، نتائج اور میرٹ کو اپنی ترجیحات بنالیں۔

Read Comments