پرفیکٹ ابلے ہوئے انڈے کو بنانا بہت آسان
ابلے ہوئے انڈے مزیدار، غذائیت سے بھرپور، پیٹ بھرنے میں مددگار اور بنانے میں آسان ہوتے ہیں۔
درحقیقت انڈوں کو ابالنے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں مگر پرفیکٹ ابلے ہوئے انڈے کے لیے ٹائمنگ ضرور اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اگر آپ کو ٹائمنگ کا اندازہ نہ ہو تو یا تو انڈا اندر سے پگھل سکتا ہے یا ذائقہ خراب ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں : انڈے صحت کے لیے مضر یا فائدہ مند؟
تو درج ذیل آسان ٹپس سے آپ اپنے ابلے ہوئے انڈے کو پرفیکٹ بناسکتے ہیں۔
سب سے پہلے تو انڈوں کو برتن میں ڈال کر اسے ٹھنڈے پانی سے بھردیں اور پھر چولہے پر چڑھا دیں۔ خیال رکھیں کہ برتن میں انڈے پانی ڈالنے سے پہلے رکھیں ورنہ برتن کے نچلے حصے سے ٹکرانے سے وہ ٹوٹ سکتا ہے، پانی اتنا ہو کہ انڈے ڈوب جائیں۔
اس کے بعد چولہے کی آنچ تیز کردیں اور پانی ابلنے دیں، جب پانی سے بلبلے اٹھنے لگے تو برتن کو چولہے سے اتار دیں اور ڈھکن سے ڈھک دیں۔
انڈوں کو پانی میں رہنے دیں، یعنی پگھلی ہوئی زردی کے لیے 4 منٹ، کریمی ہارڈ بوائل کے لیے 7 منٹ اور ہارڈ بوائل کے لیے 9 منٹ، آپ انڈوں کو اندر سے اپنی پسند کا مطابق پائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : انڈوں کے چھلکے صحت کے لیے فائدہ مند، لیکن کیسے؟
اپنی پسند کے انڈے کے مطابق منٹ گزرنے کے بعد انڈوں کو گرم پانی سے نکال لیں اور انہیں ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر چھیل لیں۔
ابلے ہوئے انڈوں کو فوری کھالینا زیادہ بہتر ہوتا ہے تاہم نرم زردی والے انڈے کو چھلکوں کے ساتھ فریج میں 2 دن جبکہ ہارڈ بوائل انڈے کو 7 دن تک کے لیے محفوظ کرسکتے ہیں۔
کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ انڈوں کو محض چند سیکنڈ میں بھی چھیل سکتے ہیں اور وہ بھی ہاتھ لگائے بغیر۔
جی ہاں واقعی ایسا ممکن ہے جس کے لیے چند آسان گھریلو ٹوٹکے درج ذیل ہیں۔
ایک گلاس ، ٹھنڈا پانی اور ابلے ہوئے انڈے
انڈوں کو گلاس میں ڈالیں اور پھر اس ڈبے کو ٹھنڈے پانی سے آدھا بھر دیں، اس کے بعد دس سیکنڈ تک سختی سے اسے ہلائیں (یہ کام کچن سنک کے اوپر کریں تاکہ پانی چھلکیں بھی تو کوئی فرق نہ پڑے)، آپ دیکھیں گے کہ چھلکے خودبخود اتر گئے ہیں۔انڈوں کو ڈبے کے اندر زور سے ہلانا چھلکوں میں دراڑیں ڈال دیتا ہے جبکہ پانی کی طاقت ان چھلکوں کو اپنی جگہ سے ہلا کر ڈھیلا کر دیتی ہے۔
جار سے مدد لیں
ابلے ہوئے انڈے کو ایک جار میں ڈال کر اس میں ایک انچ پانی بھردیں اور پھر ڈھکن سے اچھی طرح سیل کرکے جار کو جھٹکنے دینا شروع کردیں۔ جھٹکے دینے سے انڈے کے چھلکے کے ٹکڑے ہونے لگیں گے جبکہ پانی ان کو ڈحیلا کردے گا، چند سیکنڈ بعد چھلکا الگ ہوجائے گا۔
ایک چمچ
اس مقصد کے لیے انڈے کے نیچے والے حصے کو سخت سطح پر ٹکرا کر اسے توڑ لیں اور پھر اس میں چمچ ڈال کر گول گول گھما کر انڈے کو چھلکے کو الگ کرلیں۔