Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2018 10:34pm

شعیب ملک نے سلیم ملک کا ریکارڈ توڑ دیا

شعیب ملک نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سلیم ملک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 7 واں نمبر حاصل کرلیا۔

شعیب ملک نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ میں 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر سابق کپتان سلیم ملک کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

سلیم ملک نے ایک روزہ کرکٹ میں 7 ہزار 170 رنز بنائے تھے تاہم شعیب ملک نے 270 میچوں میں 9 سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 196 رنز بنا کر ان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے انضمام الحق 11 ہزار 701 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر محمد یوسف 9 ہزار 554 رنز بنا کر دوسرے، سعید انور 8 ہزار 824 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی 8 ہزار 27 رنز بنا کر چوتھے، جاوید میانداد 7 ہزار 381 رنز بنا کر پانچویں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز یونس خان 7 ہزار 429 رنز بنا کر چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

Read Comments