Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2018 10:46pm

نجی بینک پر سائبر حملے کے بعد اسٹیٹ بینک کی تمام بینکوں کو نئی ہدایت

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے مشہور نجی بینک ’بینک اسلامی‘ پر سائبر حملے کے بعد بینک کارڈ کے حوالے سے ملک کے تمام بینکوں کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

بینک اسلامی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا تھا کہ 27 اکتوبر کی صبح ان کی انٹرنیشنل پیمنٹ کارڈ اسکیم سے 26لاکھ روپے کی غیر معمولی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے جس پر بینک نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے انٹرنیشنل پیمنٹ اسکیم کو بند کردیا۔

بینک نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا کہ جن اکاؤنٹس سے رقم نکالی گئی، ان میں دوبارہ کریڈٹ کردی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ملک کے تمام بینکوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام پیمنٹ کارڈز کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں اور خصوصاً بیرون ملک ٹرانزیکشن سمیت مجموعی طور پر صورتحال کی نگرانی جاری رکھیں۔

بینک اسلامی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ انٹرنیشنل پیمنٹ اسکیم کے مطابق سائبر حملے کے نتیجے میں تقریباً 80 کروڑ پاکستانی روپے (60 لاکھ ڈالرز) کی ٹرانزیکشن ہوئی لیکن وہ اس کا کوئی بھی ریکارڈ پیش نہیں کر سکے اور بینک کو بھی اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

Read Comments