Dawn News Television

شائع 07 نومبر 2018 07:00pm

او ایل ایکس کا نیا لوگو صارفین کو الجھن کا شکار کرنے لگا

آن لائن اشتہارات کی ویب سائٹ او ایل ایکس نے لگ بھگ 12 سال بعد اپنی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لوگو، ایپ اور ویب سائٹ کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے۔

کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں سے پاکستان پہلا ملک ہے جہاں او ایل ایکس نے اپنا نیا برانڈ اور پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی پاکستان کو ایک اہم مارکیٹ کے طور پر اجاگر کرنے، روایتی کلاسیفائیڈ اشتہاروں کو جدید بنانے کا حصہ ہے، اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے زیادہ اینڈ-ٹو-اینڈ سروسز پیش کی گئی ہیں جبکہ استعمال کرنے والوں کو خریدو فروخت کے لیے زیادہ آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔

تاہم کمپنی کے نئے لوگو کو پہلے کے مقابلے میں برکشش قرار نہیں دیا جا سکتا ۔

اگر پہلے لوگو 3 رنگوں کے ساتھ زیادہ نمایاں تھا، تو اب تینوں الفاظ یعنی او ایل ایکس کے پس منظر کو نیلا کر دیا گیا ہے جبکہ ایل کو اس طرح تحریر کیا گیا ہے کہ آئی کی طرح نظر آ رہا ہے، جو کہ صارف کو الجھن میں ڈال سکتا ہے کہ یہ او ایل ایکس (OLX) ہے یا او آئی ایکس (OIX)۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا لوگو لندن کی ڈیجیٹل ایجنسی کی مدد سے تیار کیا گیا مگر جیسا اوپر لکھا جاچکا ہے کہ یہ دیکھنے میں کچھ متاثرکن نہیں، ویسے آپ کیا سوچتے ہیں یہ بتانا مت بھولیں۔

اس موقع پر کمپنی کے کنٹری منیجر بلال باجوہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے پلیٹ فارم میں بڑی تبدیلیاں لا رہے ہیں، ان تبدیلیوں میں چیٹ، پوسٹنگ، براؤزنگ اور سوشل ایکسپیرینس شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد ایسے نئے فیچرزشامل کیے گئے ہیں جو اس سروس کو استعمال کرنے والوں کے لیے اشیاءکی خرید و فروخت کو زیادہ آسان اور تیزتر بناتے ہیں۔

Read Comments