Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2018 06:47pm

ایک اوور میں 43 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ

نیوزی لینڈ میں فورڈ ٹرافی کے ایک میچ میں ناردرن ڈسٹرکٹس کے بلے بازوں نے سینٹرل ڈسٹرکٹس کے خلاف ایک اوور میں 43 رنز بنا کر لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن ڈسٹرکٹس کے بلے بازوں جو کارٹر اور بریٹ ہمپٹن نے مخالف ٹیم کے باؤلر ولیم لیوڈیک کے ایک اوور میں 43 رنز بنا کر تاریخ میں اپنا نام درج کرا دیا۔

بریٹ ہمپٹن نے اوور کا آغاز چوکے سے کیا جس کے بعد ولیم لیوڈیک نے مسلسل دو نو بال کرادیں جس پر بلےباز نے دو چھکے لگائے تاہم اگلی گیند قانونی کرائی جس پر بھی ہمپٹن نے چھکا رسید کیا۔

اوور کی تیسری گیند پر ہمپٹن نے سنگل لے کر ذمہ داری اپنا پانچواں میچ کھیلنے والے جو کارٹر کو منتقل کردی جنہوں نے آخری تینوں گیندوں پر 3 چھکے لگائے یوں ایک اوور میں 6 چھکے، ایک چوکا، سنگل اور نو بال کے 2 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر 43 رنز حاصل ہوئے۔

دوسری جانب لیوڈیک کے اس بھاری اوور کے بعد ان کے اعداد و شمار میں بھی یک دم دوگنا اضافہ ہوگیا جہاں 9 اوورز میں انہوں نے صرف 42 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی لیکن محض ایک اوور بعد یعنی 10 اوورز میں انہوں نے مجموعی طور پر 85 رنز کے عوض ایک وکٹ اپنے نام کی۔

دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ میں 178 رنز کی شراکت قائم کر کے ایک اور قومی ریکارڈ بھی بنایا جو اس سے قبل بی جے واٹلنگ اور پیٹر مک گلیشن کے پاس تھا جنہوں نے 150 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اس جارحانہ بلے بازی کے بعد کارٹر اپنی سنچری مکمل کر پائے تاہم ہمپٹن صرف 5 رنز کی دوری سے اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل 2013 میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں بنگلہ دیش کے فرسٹ کلاس کھلاڑی علاوالدین نے ایک اوور میں 39 رنز جوڑے تھے۔

زمبابوے کے سابق کپتان ایلٹن چیگمبورا نے ایک میچ میں نو بال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 7 گیندوں کے اس اوور میں 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے تھے۔

Read Comments