Dawn News Television

شائع 01 دسمبر 2018 04:30pm

ٹو پوائنٹ زیرو 2 دن میں 100 کروڑ کمانے میں کامیاب

اکشے کمار اور رجنی کانت کی بھارت کی سب سے مہنگی فلم ٹو پوائنٹ زیرو کو گزشتہ ماہ 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

اگرچہ فلم نے ریلیز کے پہلے دن ہندی ورژن میں کم کمائی کی، تاہم اس فلم کے تمام زبانوں کے ورژنز نے مجموعی طور پر اچھی کمائی کی۔

خیال رہے کہ اس فلم کو ٹھگس آف ہندوستان کی طرح ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں بیک وقت ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم کا ہندی ورژن بھارت سمیت دنیا بھر سے اتنی کمائی نہیں کر سکا، جتنی کمائی اس فلم کے تیلگو اور تامل ورژنز نے بھارت سے کی۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق اس فلم کے ہندی ورژن نے ریلیز کے ابتدائی 2 دن میں مجموعی طور پر 38 کروڑ روپے کمائے، جب کہ اس فلم کے دیگر ورژنز نے 72 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

یعنی ہندی ورژن کی بھارت اور دنیا بھر کی کمائی ایک طرف اور تیلگو اور تامل زبان کے ورژنز کی کمائی دوسری طرف، پھر بھی مقامی زبان کے ورژن کی کمائی ہندی ورژن سے دگنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مہنگی ترین فلم ‘ٹو پوائنٹ زیرو’ کی پہلے دن حیران کن کمائی

بولی وڈ باکس آفس تجزیہ نگار رمیش بالا کے مطابق فلم نے 2 دن میں دنیا بھر سے مجموعی طور پر 115 کروڑ روپے کمائے۔

باکس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹو پوائنٹ زیرو نے پہلے دن بھارت بھر سے مجموعی طور پر 64 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی۔فلم نے ریلیز کے دوسرے دن بھارت بھر سے پہلے دن سے کم کمائی کرتے ہوئے صرف 45 کروڑ روپے بٹورے۔

یوں اگرچہ ٹو پوائنٹ زیرو ریلیز کے محض 2 دن کے اندر ہی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئی، تاہم اس کی کمائی توقعات سے انتہائی کم ہے اور چوں کہ اس فلم کے ہندی ورژن کی 2 دن کی کمائی صرف 38 کروڑ روپے ہے، اس لیے اسے اچھی کمائی کرنے والی فلم نہیں کہا جا رہا۔

خیال رہے کہ اس فلم کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اسے 550 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا ہے۔

تاہم یہ فلم ریلیز سے قبل ہی سیٹلائیٹ رائٹس، ڈیجیٹل رائٹس اور دیگر ذرائع سے 370 کروڑ انڈین روپے کما چکی ہے۔

اور اب تک کی ٹو پوائنٹ زیرو کی مجموعی کمائی 480 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

Read Comments