دنیا

مقبوضہ کشمیر: مسافر بس کھائی میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق

بس میں 26 افراد سوار تھے جن میں سے 13 حادثے میں زخمی بھی ہوئے،شدید زخمیوں کو جموں کے ہسپتال منتقل کردیا گیا، ایس ایس پی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس کے کھائی میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) راجیو پانڈے نے کہا کہ بس میں 26 افراد سوار تھے اور حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس سری نگر کے 200 کلومیٹر جنوب میں پونچھ کے پہاڑوں کے درمیان تنگ سڑک پر موڑ کاٹ رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 'بس کے 70 میٹر گہرائی میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق جبکہ دیگر زخمی ہوئے۔'

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے تین شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: 16 ہندویاتری بس حادثےمیں ہلاک

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈرائیونگ کے دوران لاپرواہی اور خستہ حال تنگ سڑکوں کی وجہ سے اکثر ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

رواں سال اگست میں بھی مقبوضہ وادی میں بس حادثے میں 12 ہندو یاتری ہلاک اور متعد زخمی ہوئے تھے۔

ماچیل یاتریوں کو لے کر جانے والی بس کو ضلع کشتور کے علاقے ڈول کے قریب حادثہ پیش آیا۔