Dawn News Television

شائع 18 جنوری 2019 08:52pm

پنجاب: صوبائی وزیر معدنیات وزارت میں 'بے جامداخلت‘ پر مستعفی

پنجاب کے صوبائی وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر نے ’وزارت میں بے جا مداخلت‘ کا الزام لگاتے ہوئے اپنی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو استعفیٰ پیش کردیا۔

صوبائی وزیر نے پیش کردہ استعفے کے متن میں لکھا کہ ’جب سے میں نے صوبے میں بطور وزیر معدنیات کام سنبھالا ہے تب سے میری وزارت میں بے جا مداخلت اور رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں‘۔

حافظ عمار یاسر نے اس امر کی وضاحت نہیں کی کہ کون لوگ ان کی وزارت میں ’بے جا مداخلت‘ کررہے ہیں۔

اپنے استعفیٰ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’وزارت کا منصب ملک و قوم کی خدمت کے لیے قبول کیا لیکن انڈر پریشر کام کرنے کا عادی نہیں، جس کی وجہ سے میں اپنی وزارت میں پوری طرح کام نہیں کرپارہا‘۔

صوبائی وزیر نے وزارت کے لیے ان کا نام تجویز کرنے پر پارٹی قیادت سے اظہار تشکر بھی کیا۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مسلم لیگ (ق) کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت قائم کی ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’صوبائی وزیر نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کیا تاہم مسلم لیگ (ق) کی مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجا جائےگا‘۔

Read Comments