Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2019 05:20pm

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں ہار پہنائے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 برس بعد پاکستان آئی ہے۔

پاکستان روانگی سے قبل دبئی ایئرپورٹ پر کیریبئن ٹیم کی کپتان میریسا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا حصہ بننے پرخوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ہماری ٹیم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا، کسی ٹیم کو تو ابتداء کرنی تھی اور ہماری ٹیم نے یہ قدم اٹھایا‘۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کی ٹیم مضبوط ہے اور ہم انہیں آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کےدرمیان تین میچز پرمشتمل سیریز کا آغاز کل (31 جنوری) سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی یکم فروری اور تیسرا 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔

یہ تینوں میچز 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7، 9 اور 11 فروی کو ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔

اس سے قبل مارچ/ اپریل 2014 میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز اور 7 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز تو برابر رہی تھی تاہم ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دی تھی۔

سیریز کا شیڈول

31 جنوری – پہلا ٹی 20، ساؤتھ اینڈ کلب، کراچی

1 فروری – دوسرا ٹی 20، ساؤتھ اینڈ کلب، کراچی

3 فروری – تیسرا ٹی 20، ساؤتھ اینڈ کلب کراچی

7 فروری – پہلا ون ڈے، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)

9 فروری – دوسرا ون ڈے، آئی سی سی ایکیڈمی، دبئی (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)

11 فروری – تیسرا ون ڈے، آئی سی سی ایکیڈمی، دبئی (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)

Read Comments