Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2019 12:32pm

'ڈپریشن کے بارے میں بات کرنے سے مجھے بہت زیادہ مدد ملی'

معروف اداکار اور ڈی جے محسن عباس حیدر نے ڈپریشن کے خلاف جنگ میں سپورٹ کرنے پراپنے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

منگل کی رات انسٹاگرام پر ایک ویڈیو ہیش ٹیگ لو اینڈ پیس اس آل وی نیڈ کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اپنی زندگی میں موجود زہریلے افراد سے چھٹکارا پالیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کے بارے میں بات کرنے پر وہ بہتر محسوس کررہے ہیں 'میں آپ سب کے پیغامات، محبت، تعاون اور تشویش کے لیے شکرگزار ہوں جو آپ میرے ڈپریشن کے حوالے سے ظاہر کیا۔ ہم سب اس طرح کے مراحل سے گزرتے ہیں، ہم سب ہی کسی طرح اپنی زندگیوں اس سے دوچار ہوتے ہیں، کئی بار ہم اس پر بات کرتے ہیں، میں نے بھی ایسا کیا اور اس سے مجھے بہت زیادہ مدد ملی'۔

مزید پڑھیں : ’ڈپریشن جلد میری جان لے لے گا‘

انہوں نے مزید کہا 'میں ایسا فرد نہیں جو اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت زیادہ شیئر کرتا ہے لیکن جب برداشت ختم ہوجاتی ہے تو آپ شیئر کرتے ہیں اور میں نے بھی ایسا کیا، اور جس طرح انڈسٹری کے لوگوں، میرے ساتھی اداکاروں، دوستوں اور دنیا بھر سے لوگوں نے مجھے پیغامات بھیجے، مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اسے چھپانا نہیں چاہئے، اس بارے میں بات کرنا مدد دیتا ہے اور ہمیں اس پر ضرور بات کرنی چاہئے'۔

گزشتہ دنوں محسن عباس حیدر نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ وہ ڈپریشن جیسے مرض میں مبتلا ہیں، جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مرض انہیں جلد جان سے مار دے گا۔

محسن عباس حیدر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ڈپریشن جلد میری جان لے لے گا، میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جن کی وجہ سے میں اس مرض میں مبتلا ہوا‘۔

اداکار نے چند گھنٹوں بعد ہی اپنی اس پوسٹ کو ڈیلیٹ بھی کردیا۔

محسن کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں سمیت پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے اداکار کو سپورٹ کرتے ہوئے کمنٹس کیے۔

اداکار عائشہ عمر کا اپنے کمنٹ میں کہنا تھا کہ ’میں بھی ڈپریشن کا شکار ہوچکی ہوں، لیکن خدا نے میری مدد کی، تم بھی مضبوط رہو‘۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے محسن کا ساتھ دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں جب بھی کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہو وہ ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : محسن عباس حیدر کی ایک ماہ کی بیٹی کا انتقال

ماڈل آمنہ بابر نے بھی محسن سے مضبوط رہنے کی درخواست کی۔

جبکہ صحافی ماریا میمن نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ محسن اس دور کے ان کے سب سے پسندیدہ گلوکار ہیں۔

محسن عباس حیدر نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بھی ’وصیت‘ نام کی ایک غزل شیئر کی، جو انہوں نے خود تحریر کی تھی۔

محسن نے اپنے کیریئر کا آغاز فیصل آباد کے ایک ریڈیو اسٹیشن پر آر جے کی حیثیت سے کیا۔

جس کے بعد انہوں نے گلوکاری بھی کی، جبکہ وہ کامیاب فلم سیریز نامعلوم افراد کا حصہ بھی رہے۔

اس کے علاوہ محسن نجی ٹی وی کے ایک مقبول پروگرام ’مذاق رات‘ میں بھی مستقل ڈی جے کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

وہ کوک اسٹوڈیو میں بھی گلوکاری کرچکے ہیں۔

Read Comments