Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 فروری 2019 01:13pm

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں شکست دے دی

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز چمپیئن شپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرا امین نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرکے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا حالانکہ ناہیدہ خان 15 کے مجموعے پر ہی آؤٹ ہوگئی تھیں۔

جویریہ خان نے صرف 5 اور کپتان بسمہ معروف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹیں تو پاکستانی ٹیم کو بڑا اسکور مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن ندا ڈار نے سدرہ امین کے ساتھ مل کر 102 رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کو ایک اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

ندا ڈار نے 81 رنز بنائے—فوٹو:آئی سی سی ٹویٹر

سدرا مین 96 رنز بنانے کے بعد نروس نائنٹی کا شکار ہوئیں اور ٹیلر کی بہترین فیلڈنگ کےنتیجےمیں رن آؤٹ ہوئیں جس کے بعد عالیہ ریاض بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکیں اور 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

ثنا میر نے اسکور کو 208 رنز تک پہنچانے میں ندا ڈار کا ساتھ دیا تاہم وہ 21 رنز بنا سکیں، کائنات امتیاز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

ندا ڈار نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی اور 234 کے مجموعے پر پویلین لوٹیں جس کے بعد 14 گیندوں پر صرف 6 رنز کا اضافہ ہوا اور پوری ٹیم 240 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شکیرا کیسندرا سیلمن اور ڈینڈرا ڈوٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی 5 کھلاڑی ڈیانا بیگ کی اچھی باؤلنگ کے سامنے 100 کے مجموعے سے پہلے ہی آؤٹ ہوچکی تھیں تاہم کپتان اسٹیفنی ٹیلرنے 48 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، چیڈیان نیشن نے 23 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

نتاشا مکلین نے 76 گیندوں پر 82 رنز کی برق رفتار اننگز سے ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی لیکن دوسری جانب کوئی بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپایا۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 34 رنز سے میچ ہار گئی۔

ڈیانا بیگ نے سب سے زیادہ 4 اور ثنا میر نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور 2 کھلاڑیوں کو نشرح سندھو نے آؤٹ کیا۔

سدرہ امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 146 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 11 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

Read Comments