Dawn News Television

شائع 13 فروری 2019 03:31pm

پاکستان سٹیزنز پورٹل عالمی سطح پر دوسری بہترین سرکاری ایپلی کیشن قرار

پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ جو گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں وزیر اعظم عمران خان نے متعارف کرائی تھی، کو ورلڈ گورنمنٹ سمٹ (ڈبلیو جی ایس) میں دوسری بہترین سرکاری ایپلی کیشن قرار دے دیا گیا۔

وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو جی ایس میں 87 ممالک کی جانب سے مختلف اقسام کی تقریباً 4 ہزار 646 موبائل ایپلی کیشنز جمع کرائی گئی تھیں جس میں پاکستان کی سٹیزن پورٹل ایپ کو دوسری بہترین ایپلی کیشن قرار دیا گیا۔

عمران خان نے بتایا کہ پہلے نمبر پر انڈونیشیا کی ایپلی کیشن رہی جبکہ تیسری پوزیشن امریکا کی ایپلی کیشن نے حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سٹیزن پورٹل ایپ کو خیبر پختونخوا کی ایک ٹیم کی جانب سے مفت میں ریکارڈ 45 دن کے وقت میں بنایا گیا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کی سرکاری موبائل ایپلی کیشن کو ایسا مقام حاصل ہوا ہے‘۔

وزیر اعظم کی جانب سے شائع کی گئیں شماریات کے مطابق اس ایپلی کیشن کے ذریعے اب تک درج ہونے والی 4 لاکھ 20 ہزار شکایتوں میں سے 55 فیصد، 2 لاکھ 50 ہزار کو حل کردیا گیا ہے جس کا عوام پر عوام نے ’مطمئن‘ ہونے کا رد عمل دیا تھا۔

اس ایپلی کیشن کی گوگل پلے اسٹور پر 4.5 اور ایپل اسٹور پر 3.5 ریٹنگ ہے۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو ہر سال دبئی میں ایک تقریب منعقد کرتا ہے۔

اس ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ گورنمنٹ سمٹ ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو دنیا بھر کی حکومتوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

اس ادارے کا مقصد اگلی نسل کی حکومت کے عالمی و مقامی چیلنجز کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سامنا کرنے کے لیے ایک ایجنڈا قائم کرنا ہے۔

اس تقریب میں ہر سال 150 سے زائد ممالک کے حکمراں، اینٹرپرینیورز اور ماہرین کو مدعو کیا جاتا ہے۔

Read Comments