Dawn News Television

شائع 27 فروری 2019 08:56pm

جب گٹر میں پھنسے موٹے چوہے کو 9 فائبر فائٹرز نے آزاد کرایا

اگر پاکستان میں ایک چوہا کسی گٹر سے باہر نکلتے ہوئے پھنس جائے تو اس بات کے امکانات زیادہ ہیں کہ لوگ اسے بچانے کی بجائے مارنا زیادہ پسند کریں گے مگر جرمنی میں اس طرح کے واقعے پر بالکل مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا۔

جرمن شہر فرینکفرٹ سے 34 میل واقع قصبے بین سائیم میں ایک موٹا چوہا گٹر کے ڈھکن کے سوراخ میں پھنس گیا جسے ایک بڑے پیمانے پر کیے جانے والے ریسکیو آپریشن کے بعد آزاد کرایا گیا۔

اتوار کو پیش آنے والے واقعے میں یہ چوہا ممکنہ طور پر گٹر سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے سوراخ میں پھنس گیا جس کی وجہ مقامی عہدیداران نے سرما کے دوران جانور کی چربی میں اضافہ قرار دیا۔

اس بے بس چوہے کو دریافت کیے جانے کے بعد 9 فائر فائبر نے ایک مقامی این جی او کے ساتھ مل کر اس چوہے کو آزاد کرایا۔

ایک مقامی رہائشی نے میڈیا کو بتایا 'پہلے تو ہم نے خود چوہے کو اپنے طور پر آزاد کرانے کی کوشش کی تھی، ہم نے دستانے پہن کر احتیاط سے اسے باہر نکلانے کی کوشش کی، مگر وہ چوہا بہت زیادہ خوفزدہ ہوکر چلانے لگا اور دستانے پر کاٹ بھی لیا اور یہی ہمارا منصوبہ تھا کہ اگر چوہا کاٹے گا تو خود کو آسانی سے باہر بھی نکال لے گا'۔

مگر یہ طریقہ کار کام نہیں کرسکا اور مقامی رہائشیوں کو لگا کہ انہیں مدد کی ضرورت ہے۔

فائر فائٹر نے آکر اسے چوہے کو کافی محنت کے بعد باہر نکالا اور انہوں نے سردیوں میں چڑھ جانے والی چربی کو اس عجیب واقعے کی وجہ قرار دیا۔

فائر فائٹرز نے ڈھکن کو آلات کی مدد سے پہلے باہر نکالا اور پھر چوہے کو نیچے سے دھکیل کر آزاد کرادیا۔

اس پورے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل کر وائرل ہوگئی اور اب تک اسے لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے۔

Read Comments