Dawn News Television

شائع 10 مارچ 2019 02:12pm

ایران میں سرعام شادی کی پیشکش پر نوجوان جوڑا گرفتار

ایران کے شاپنگ سینٹر میں سب کے سامنے مغربی انداز میں شادی کی پیشکش پر نوجوان جوڑے کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایران کے شہر آرک کے شاپنگ مال میں کی گئی شادی کی پیشکش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

مزید پڑھیں: جواد ظریف ایرانی وزیر خارجہ کے عہدے سے مستعفی

ایک پولیس افسر نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مذکورہ جوڑے کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

شاپنگ مال میں پھولوں سے دل کی شکل بنائی گئی اور اس میں کھڑے ہو کر نوجوان کو لڑکی کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جسے لڑکی نے خوشدلی سے قبول کر لیا۔

اس کے بعد لڑکی نے لڑکے کو گلے بھی لگایا جبکہ اطراف میں موجود لوگوں نے انہیں مبارکباد دی۔

پولیس کے ڈپٹی کمانڈر محمود خلجی نے کہا کہ صوبہ مرکزی میں اس جوڑے کا عمل مغربی تہذیب کے اثرات کا نتیجہ اور انہیں عوامی حمیت سے کھیلنے کے ساتھ ساتھ اسلامی شعائر کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان کی 116 سالہ خاتون کو دنیا بھر میں معمر ترین قرار دیا گیا

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جوڑے کو عوام کے مطالبے پر گرفتار کیا گیا اور انہیں بعد میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

نوجوان جوڑے کی گرفتاری پر ایران کے قوانین کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان میں نرمی کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایران کو اس قانون کے تحت گرفتاری پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو بلکہ گزشتہ سال مشہد کے ایک شاپنگ سینٹر میں منعقدہ ایونٹ میں ڈانس کرنے پر ایک آفیشل کو گرفتار لیا گیا اور اس پر بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایران کے قوانین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Read Comments