Dawn News Television

شائع 13 مارچ 2019 11:33pm

دھنیا کے بیجوں سے بننے والا مشروب جو قبض دور کرے

دھنیا ایسی چیز ہے جو کہ لگ بھگ ہر گھر میں ہی موجود ہوتا ہے اور اس خوشبودار بوٹی کو کھانوں یا چٹنی وغیرہ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ویسے اس کے پتے کچے بھی کھائے جاسکتے ہیں جو کہ جسم کو غذائی فائبر، میگنیشم اور آئرن فراہم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ دھنیے میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، وٹامن ای، سی، کے اور دیگر اجزاءبھی موجود ہوتے ہیں۔

مگر اس کے بیج یا سوکھا دھنیا بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے اور ان سے ایک مشروب تیار کرکے بدہضمی اور قبض جیسے مسائل سے نجات پانا ممکن ہے۔

ہاضمے کے لیے متعدد ٹوٹکے موجود ہیں مگر لوگوں کو علم نہیں ہوتا کہ ان میں سے موثر کونسے ثابت ہوسکتے ہیں، مگر درج ذیل میں جو نسخہ بتایا جارہا ہے وہ ضرور کام کرے گا۔

دھینے کے پتے اور اسے خشک شکل میں استعمال کرنا نظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں اور مختلف امراض کی روک تھام میں مدد دیتے ہیں۔

درھقیقت دھینے کے بیج سے ہاضمے کے انزائمے اور جوسز حرکت میں آتے ہیں جو صحت مند نظام ہاضمہ، پیٹ پھولنے اور قے وغیرہ سے بچاتے ہیں۔

مشروب بنانے کا طریقہ

دس گرام دھنیا کے بیج یش لیں اور انہیں ایک لیٹر پانی میں ڈال کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔

اگلی صبح پانی کو ہلانے کے بعد نہار منہ پی لیں، جس سے قبض کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ پیٹ پھولنے یا گیس سے بھی نجات ملتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

Read Comments