Dawn News Television

شائع 16 مارچ 2019 02:23pm

اسپین کے فٹ بالر کارلیس پیول کی پاکستان آمد

اسپین کے سابق معروف فٹ بالر کارلیس پیول فٹ بال کھیل کی تشہیر اور پاکستان میں رواں برس منعقد ہونے والے ورلڈ سوکر اسٹارز 2019 کے ٹکٹس کی فروخت کا افتتاح کرنے کے سلسلے میں پاکستان پہنچ گئے۔

اسپین کی قومی ٹیم اور فٹ بال کلب ’بارسلونا‘ میں کھیلنے والے کارلیس پیول گزشتہ برس بھی پاکستان آئے تھے۔

کارلیس پیول رواں برس ’ٹچ اسکائے گروپ‘ کی جانب سے منعقد ہونے والے ’ورلڈ سوکر اسٹارز 2019‘ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’ورلڈ سوکر اسٹارز 2019 ‘ کا انعقاد آئندہ ماہ اپریل میں ہوگا۔

ایونٹ کے تحت 27 اور 28 اپریل کے دوران کراچی اور لاہور میں 2 میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شاندار استقبال پر کاکا اور فیگو شکر گزار

ایونٹ میں کارلیس پیول کے علاوہ پرتگال کے لیوس فیگو، برازیلین سپر اسٹار کاکا، مرکیورل فرینچ مین اور نکولس الینکا سمیت دیگر کھلاڑی شرکت کریں گے۔

کاکا اور فیگو 10 جنوری 2019 کو کراچی پہنچے تھے— فائل فوٹو ڈان نیوز ٹی وی

کارلیس پیول سے قبل رواں برس جنوری میں کاکا اور لیوس فیگو بھی ’ورلڈ سوکر اسٹارز 2019‘ کی تشہیر کے سلسلے میں پاکستان آئے تھے۔

مزید پڑھیں: اسپین کے لیجنڈری فٹ بالر 16 مارچ کو کراچی پہنچیں گے

کارلیس پیول کی پاکستان آمد کے موقع پر ایونٹ منعقد کرنے والی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں فٹ بالر کے حوالے سے بتایا گیا کہ سپر اسٹار، پاکستان آمد اور اپنے مداحوں سے ملنے پر بہت خوش ہیں اور وہ ایونٹ کے حوالے سے پر اُمید ہیں۔

کارلیس پیول نے بیان میں کہا کہ انہیں علم ہے کہ فٹ بال پاکستان میں دوسرے ابھرتے ہوئے کھیل کی اہمیت رکھتا ہے اور اس حوالے سے ورلڈ سوکر اسٹارز نوجوانوں کے لیے اچھا موقع ہے۔

فٹ بال کھیل اور کارلیس پیول کے مداح ان سے 16 مارچ کو کراچی کے معروف ڈولمین شاپنگ مال میں مل سکیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ کارلیس پیول پاکستان میں 17 مارچ کی شب تک رہیں گے اور وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کا فائنل میچ بھی دیکھنے جائیں گے۔

Read Comments