سام سنگ کے سب سے بہتر اور سب سے مہنگے فون میں خرابی
جنوبی کوریا کی کمپنی ’سام سنگ‘ نے 21 فروری کو ایس سیریز کی تین نئے فون متعارف کرائے تھے، جنہیں کمپنی کے سب سے بہترین فون قرار دیا گیا تھا۔
سام سنگ نے بیک وقت گلیکسی ایس 10، گلیکسی ایس 10 پلس اور گلیکسی ایس 10 ای متعارف کرائے تھے۔
اگرچہ کچھ فیچرز میں گلیکسی ایس 10 پلس اچھا تھا، تاہم ان تینوں فونز میں سب سے بہترین فون گلیکسی ایس 10 کو قرار دیا گیا تھا۔
گلیکسی ایس 10 ای کو باقی دونوں فونز کے مقابلے میں سستا اور قدرے درمیانہ موبائل قرار دیا گیا تھا۔
تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ کمپنی کے سب سے بہترین اور مہنگے ترین فونز قرار دیے گئے ’گلیکسی ایس 10‘ میں ایک بڑی خرابی ہے، جو صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’سام موبائل‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دنیا کے چند ممالک کے کچھ صارفین نے گلیکسی ایس 10 کی بیٹری جلد ختم ہونے کی شکایت کی جو دراصل مختلف وجوہات کی وجہ سے جلد ختم ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شکایت کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ گلیکسی ایس 10 بعض اوقات جیب میں اندر رکھنے وقت خود بخود آن ہوجاتا ہے اور اس کی اسکرین روشن ہوجاتی ہے۔
صارفین نے شکایت کی کہ موبائل کو لاک کیے جانے کے باوجود چلتے وقت خود بخود موبائل کی اسکرین آن ہوجاتی ہے، جو بیٹری کے خاتمے کا سبب بن رہی ہے۔
یہی نہیں کچھ صارفین نے یہ شکایت بھی کی کہ بعض مرتبہ گلیکسی ایس 10 کا فنگر پرنٹ فیچر بھی کچھ دیر کے لیے کام چھوڑ دیتا ہے۔
صارفین کے مطابق گلیکسی ایس 10 کا فنگر پرنٹ فیچر بعض اوقات اس وقت کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جب چلتے وقت موبائل کا اسکرین جیب کے اندر خود بخود آن ہوجاتا ہے اور وہ موبائل نکال کر چیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو فنگر پرنٹ فیچر کام نہیں کرتا۔
صارفین کی شکایت سامنے آنے کے بعد کمپنی نے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ گلیکسی ایس 10 سیریز کے 10 بہترین فیچرز
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سام سنگ کے کسی فون میں خرابی کی شکایت سامنے آئی ہو، اس سے قبل بھی کمپنی کے بعض فونز میں خرابی کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔