Dawn News Television

شائع 23 مارچ 2019 04:06pm

یوم پاکستان کے موقع پر ترکی کی عمارتیں سبز رنگوں سے جگمگا اٹھیں

یوم پاکستان کے موقع پر ترکی کے شہروں میں عمارتیں پاکستان کے قومی رنگ سبز سے جگمگا اٹھیں۔

پاکستان اور ترکی کی لازوال دوستی کی جھلک ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے آگئی۔

اسلام آباد میں قائم ترک سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں پاکستان کے قومی رنگ سے مزین عمارت اور پل کی تصویر دکھائی گئی۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان پریڈ: ’ترقی یافتہ پاکستان شہدا، غازیوں کیلئے بہترین خراجِ تحسین ہوگا‘

ترک سفارتخانے نے اپنے پیغام میں کہا کہ ' ہم پاکستان میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کو تہہ دل سے یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔'

سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول کا بوسپورس برج کو سبز رنگ میں ڈھل گیا جبکہ دوسری جانب انقرہ کی ایک عمارت کے الیکٹرونک بورڈ میں جیوے پاکستان کی عبارت موجود ہے۔

اس کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ترک صارفین نے بھی اس عمارت کی ویڈیو شیئر کی۔

اس کے علاوہ عمارت کے قریب موجود ایک ٹاور پر پاکستان اور ترکی کے پرچم بھی آویزاں تھے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 79 سال پورے ہونے پر یومِ پاکستان خصوصی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جہاں اس دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

Read Comments