بچوں میں چیخنے کی عادت کو کیسے ختم کیا جائے؟
چھوٹے بچے والدین کو متوجہ کرنے کے لیے چیختے چلاتے ہیں۔ ان کے لیے چلانا بالکل ایسا ہی ہے جیسے کسی کو یہ کہنا کہ، ’ادھر میری طرف دیکھو!‘ چند بچے اس لیے چیختے ہیں کہ ان کی بات ان کی مرضی کے مطابق مانی جائے یعنی ان بچوں کے لیے چیخنا چلانا اس جملے کے برابر ہوتا ہے کہ، ’یہ چیز مجھے دو، میں اپنی مرضی کے مطابق اس کا استعمال کروں گا۔‘
چند بچے صرف اپنی خوشی کے جذبات کا اظہار اپنی آواز میں شدت لاکر کرتے ہیں۔ 12 سے 36 ماہ کے بچوں کو اپنی آواز کی طاقت جاننے کا بہت شوق ہوتا ہے اور وہ اکثر یہ تجربہ بھی کرتے ہیں کہ اس تیز آواز کا استعمال کیسے کیا جائے۔
چیخنے چلانے کی عادت سے چھٹکارہ کیسے حاصل کیا جائے؟
بچوں کے چیخنے پر انہیں آواز دھیمی کرنے کے لیے آپ کے چلانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس طرح بچے کو یہ پیغام جائے گا کہ جس کی جتنی تیز آواز وہ اتنا بڑا سکندر۔ سب سے بہتر عمل یہ ہے کہ ایسی کوئی صورتحال پیدا ہی نہ ہونے دیں جو آپ کے بچے کے چیخنے یا چلانے کا باعث بنتی ہو اور جب بچہ چیخنے لگے تو اس کا دھیان دوسری چیزوں کی طرف منتقل کرنے کی کوشش کریں۔
اس حوالے سے مندرجہ ذیل چند تجاویز پیش کی جاتی ہیں:
بچوں کے شیڈول کا خیال رکھتے ہوئے باہر کے کام نپٹائیں
ہمیشہ اپنے بچے کے آس پاس رہتے ہوئے کام کرنا ممکن نہیں ہوتا، لیکن آپ جب بھی گھر سے باہر نکلیں تو یہ بات یقینی بنائیے کہ آپ کا بچے نے مناسب وقت تک آرام کیا ہو اور اس کا پیٹ بھرا ہوا ہو۔