Dawn News Television

شائع 27 مارچ 2019 09:19pm

ٹوئٹر پر یہ کام کسی صورت مت کریں

سوشل میڈیا پر متعدد افواہیں سامنے آتی ہیں مگر کچھ ایسی ہوتی ہیں جن پر کمپنیوں کو بھی صارفین کو انتباہ جاری کرنا پڑ جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے صارفین کے ساتھ ہوا جن کو ایک افواہ کے نتیجے میں اپنے اکاﺅنٹ لاک ہونے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ افواہ جتنی سادہ اور احمقانہ ہے، اتنی ہی لوگوں کو اپنی سیٹنگز میں جاکر پیدائش کا سال 2007 کرنے پر اکساتی ہے تاکہ اس سائٹ پر رنگارنگ فیڈ کو ان لاک کرسکیں۔

مگر جب کوئی صارف اپنے پیدائش کا سال 2007 کرتا ہے تو اس کا اکاﺅنٹ لاک ہوجاتا ہے۔

ٹوئٹر کی پالیسی کے تحت اس سوشل نیٹ ورک کو استعمال کرنے والے صارفین کی عمر 13 سال یا اس سے زائد ہونی چاہئے۔

تو پیدائش کا سال 2007 کرنے پر ٹوئٹر کو لگتا ہے کہ صارف صرف 12 سال کا ہے اور اس کا اکاﺅنٹ بلاک ہوجاتا ہے۔

ٹوئٹر نے اس حوالے سے صارفین کو انتباہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کے پیغامات کے جھانسے میں مت آئیں اور اگر بدقسمتی سے اس کا شکار ہوچکے ہیں تو ان ہدایات پر عملدرآمد کریں جو اس کمپنی نے ای میل کے ذریعے ارسال کی ہوں گی۔

Read Comments