Dawn News Television

شائع 03 اپريل 2019 08:05pm

واٹس ایپ نے آخرکار صارفین کے لیے کارآمد فیچر متعارف کرادیا

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کو اس وقت کافی کوفت ہوتی ہے جب کوئی اچانک انہیں کسی بھی چیٹ گروپ میں شامل کردیتا ہے جس کے بعد مروت کے باعث اس سے خود کو نکالنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

مگر اب واٹس ایپ نے اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرادیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس فیچر سے صارفین کو گروپس کے حوالے سے زیادہ کنٹرول مل جائے گا۔

اس فیچر پر کئی ماہ سے کام ہورہا تھا مگر اب اسے صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے لیے واٹس ایپ کے پرائیویسی سیکشن میں گروپس کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ فیچر دیکھنے کے لیے سیٹنگز مینیو میں جاکر اکاﺅنٹ کو سلیکٹ کریں اور وہاں پرائیویسی اور پھر گروپس کے آپشن میں جائیں۔

اس فیچر کے تحت صارف کو 3 آپشن ملیں گے جیسے ایوری ون کو منتخب کرنے کا مطلب ہوگا کہ اسے کوئی بھی واٹس ایپ گروپ میں ایڈ کرسکتا ہے۔

مائی کانٹیکٹس نامی آپشن سے اس صارف کے کانٹیکٹس میں شامل افراد اسے کسی گروپ کا حصہ بناسکیں گے جبکہ تیسرا نوباڈی کا آپشن ہے جس کے تحت گروپ ایڈمن گروپ میں شمولیت کے لیے اس صارف کو پرائیویٹ چیٹ پر ایک درخواست یا انوی ٹیشن بھیجے گا جو 72 گھنٹے بعد ایکسپائر ہوجائے گا۔

اس طرح کا فیچر واٹس ایپ میں پروفائل فوٹو، لاسٹ سین اور اسٹیٹس کے لیے دستیاب ہے، جہاں تین آپشنز صارفین کو دستیاب ہیں، اب یہی فیچر گروپس کے لیے بھی دیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ میں اس وقت کئی فیچرز پر کام ہورہا ہے جن میں ڈارک موڈ، فنگرپرنٹ شناخت اور پکچر ان پکچر موڈ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

Read Comments