Dawn News Television

شائع 05 اپريل 2019 12:15am

سعودی عرب نے 30 سال بعد عراق میں اپنا سفارتخانہ کھول دیا

عراق کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے تعلقات بہتر کرتے ہوئے بغداد میں 30 سال بعد اپنا سفارتخانہ کھول دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق سفارتخانہ، سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القصابی کی سربراہی میں وفد کے 2 روزہ دورے کے دوران کھولا گیا۔

خیال رہے کہ ایران کی خطے میں اثر و رسوخ کو کم کرنے کے لیے ریاض، عراق سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

مزید پڑھیں: عراق سے امریکی فوج کے انخلا کا کوئی ارادہ نہیں، ٹرمپ

عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد صحاف کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ 'گرین زون' میں کھولا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

خیال رہے کہ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی 6 اپریل کو ایران کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عراق جنگ لڑنے والے سابق امریکی جنرل سعودی عرب میں سفیر نامزد

وہ رواں ماہ کے آخر میں سعودی عرب جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے عراق سے 1990 میں تعلقات ختم کر دیئے تھے۔

عراق کی جانب سے کویت پر حملے کے بعد سعودی عرب نے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Read Comments