Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2019 11:44am

عالمی کپ کے فٹنس کیمپ میں وہاب اور عمر اکمل کو بلانے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کے لیے ممکنہ 23 کھلاڑیوں کو چناؤ کرچکا لیکن پاکستان کپ میں چند کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے ان کے نام پر بھی سوچ بچار شروع کردی ہے اور انہیں فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلائے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے گزشتہ ہفتے ورلڈ کپ کے فٹنس ٹیسٹ کے لیے 23 کھلاڑیوں کا اعلان کیا جس میں عمر اکمل اور وہاب ریاض کے نام شامل نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل پی سی بی کے ورلڈ کپ پلان سے باہر

تاہم پاکستان کپ میں عمر اکمل اور وہاب ریاض دونوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لی اور مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں فٹنس ٹیسٹ کے لیے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پاکستان کپ میں بلےبازوں میں عمر اکمل سرفہرست ہیں جبکہ باؤلرز میں وہاب ریاض کا پہلا نمبر ہے۔

پاکستان کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل اب تک 3میچز میں 242 رنز کےساتھ سرفہرست ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے خوشدل شاہ 214 رنز کے ساتھ دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں، بلوچستان کے ہی اویس ضیا کا 172 رنز کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

باؤلرز میں خیبرپختونخوا کے وہاب ریاض سرفہرست ہیں جنہوں نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹوں پر 3 میچز میں 7وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ سندھ کے حماد اعظم اور بلوچستان کے عماد بٹ نے 6، 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

یاد رہے کہ وہاب ریاض نے پاکستان سپر لیگ میں بھی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور موجودہفارم کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے البتہ عمر اکمل کی فٹنس اور ڈسپلن مسائل ان کی سلیکشن کی راہ میں حائل ہو سکتے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکٹرز پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور 23 کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کپ کے پرفارمرز کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلایا جاسکتا ہے۔

انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ 23اپریل ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 18اپریل کو اسکواڈ کے اعلان کا امکان ہے تاہم اب اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل کو آخری میچ سے قبل رات گئے باہر رہنے پر جرمانے کا سامنا

پاکستان کرکٹ ٹیم 23اپریل کو انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں وہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر ایک ٹی20 پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی اور پھر ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔

عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

Read Comments