Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2019 02:26am

تہمینہ جنجوعہ خواتین افسران کے لیے رول ماڈل ہیں، وزیر خارجہ

وزارت خارجہ کے دفتر میں سیکریٹری خارجہ کی الوداعی تقریب منعقد کی گئی جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کی پاکستان کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں دفتر خارجہ کے سینیئر حکام سمیت غیر ملکی سفارتکاروں اور سفیروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ کی جانبسے تہمینہ جنجوعہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب کیا۔

تہمینہ جنجوعہ نے اپنی تقریر میں ان کی خدمات کی تعریف کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شاہ محمود قریشی کے ریمارکس کو بے لوث قرار دیا۔

تہمینہ جنجوعہ تقریب سے خطاب کر رہی ہیں — ڈان نیوز

ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر خارجہ کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا رہا، آپ نے شاید میری ہر بات نہیں مانی ہوگی لیکن آپ نے ماننے کا اظہار کیا تھا، ہماری بہت بحث ہوئی لیکن تمام بحث بہتر نتیجے کی طرف گئیں‘۔

انہوں نے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آخر میں ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ پاکستان کے لیے، اپنی وزارت کے لیے اور سفارت کاری کے لیے کرتے ہیں‘۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تہمینہ جنجوعہ نے بطور بااصول سیکریٹری خارجہ خدمات انجام دیں، ان کی کمی محسوس کریں گے‘

ان کا کہنا تھا کہ تہمینہ جنجوعہ خواتین افسران کیلئے رول ماڈل ہیں، انہوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے خدمات انجام دیں۔

خیال رہے کہ تہمینہ جنجوعہ نے 2017 میں بطور سیکریٹری خارجہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

اس سے قبل تہمینہ جنجوعہ 2011 میں وزارت خارجہ کے ترجمان کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں ادا کرچکی ہیں۔

دسمبر 2011 سے اکتوبر 2015 کے دوران تہمینہ جنجوعہ اٹلی میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکی ہیں جبکہ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر برائے بھارت سہیل محمود کو تہمینہ جنجوعہ کی 16 اپریل کو ریٹائرمنٹ کے بعد سیکریٹری خارجہ تعینات کیا جائے گا۔

Read Comments