Dawn News Television

شائع 17 اپريل 2019 11:59pm

پی آئی اے کے سربراہ سمیت 4 افسران کے وارنٹ گرفتاری معطل

لاہور کی سیشن عدالت نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک اور دیگر 3 افسران کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ معطل کردیے۔

واضح رہے کہ سول کورٹ نے ملزمان کے خلاف توہین عدالت کی سماعت میں مسلسل غیر حاضری پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

مزیدپڑھیں: پی آئی اے کا پروازوں کی بحال کے فوری بعد معطل کرنے کا اعلان

پی آئی اے کے سی ای او سمیت دیگر ملزمان نے توہین عدالت کی سماعت اور سول جج محمد اکرم آزاد کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کو چینلج کیا تھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد علی نےائیر مارشل ارشد ملک کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وارنٹ کے احکامات پر عمل درآمد سے روک دیا۔

واضح رہے کہ معطل ہوئے کیپٹن میاں شہزاد عزیز نے پی آئی اے افسران کے خلاف توہین عدالت پٹیشن دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں بحال نہیں کیا جارہا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پی آئی اے کو بحال کرنے کے بجائے نئے ایئر لائن کا قیام زیادہ آسان‘

پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک، ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کیپٹن عزیر خان، چیف فلائٹ کیپٹن علی زمان اور ایچ آر کے سربراہ ایئر وائس مارشل سبحان نصیر سید نے سیشن کورٹ میں بیان دیا کہ سول کورٹ نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اور وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔

جس پر لاہور کی سیشن عدالت نے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک اور دیگر افسران کے وارنٹ معطل کر دیا۔

ابتدائی سماعت کے بعد جج عابد علی نے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے کیپٹن میاں شہزاد سے جواب طلب کر لیا۔

Read Comments