Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 مئ 2019 06:00pm

وسیم اکرم، وزیراعظم عمران خان آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں شامل

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو نے ورلڈ کپ 2019 سے قبل اپنے اسٹاف سروے کے ذریعے آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کا انتخاب کیا جس میں پاکستان کے سابق عظیم کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 22 رکنی اسٹاف کی ٹیم میں وسیم اکرم واحد کھلاڑی تھے جن کو تمام اراکین نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔

وسیم اکرم نے 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جہاں انہوں نے انگلینڈ کے مشہور بلے بازوں ایلن لیمب اور کرس لیوس کو مسلسل دو گیندوں میں آؤٹ کرکے تہلکہ مچادیا تھا۔

پاکستان کو 1992 میں عالمی چمپیئن بنانے والی ٹیم کے کپتان عمران خان کو بھی اس ٹیم میں منتخب کرلیا گیا ہے۔

کرک انفو کی اس آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں بھارت سے صرف ایک عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر ہی جگہ بنا سکے ہیں۔

ٹیم میں پانچ مرتبہ کی ریکارڈ چمپیئن آسٹریلیا کے سب سے زیادہ کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے جن میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، شین وارن اور گلین مک گرا شامل ہیں۔

اس ٹیم میں دو ایسے کھلاڑیوں کو بھی حصہ بنایا گیا ہے جو کبھی عالمی چمپیئن ٹیم کا حصہ نہیں رہے، ان میں کمار سنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم 1996 میں عالمی چمپیئن بن گئی تھی لیکن اس ٹیم میں کمار سنگاکارا نہیں تھے اور ٹھیک چار برس بعد ہی وہ ٹیم میں آئے تھے۔

سری لنکا کے ایک اور عظیم کھلاڑی متھیا مرلی دھرن بھی اس ٹیم میں شامل ہیں لیکن وہ 1996 کی عالمی چمپیئن کا ہر اول دستہ تھے۔

ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز کا انتخاب بھی عمل میں آیا ہے جنہوں نے 1975 کے ورلڈ کپ فائنل میں شان دار سنچری بنائی تھی۔

Read Comments