اس موسم میں پانی کی زیادہ مقدار کو پینا اور ہلکے پھلکے کپڑوں کا استعمال گرمی کی شدت کو کسی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
مگر چند مخصوص پھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بناکر بھی آپ جسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھ کر شدیدگرمی کے اثرات سے بچ سکتے ہیں۔
شدید گرمی صرف پریشانی کا باعث ہی نہیں بنتی بلکہ اس سے پیٹ کے امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے جبکہ سونے میں مشکلات، جسمانی تھکاوٹ اور ذہنی توجہ بھی متاثر ہوتی ہے۔
درج ذیل پھل جسم کو ٹھنڈک دینے کے ساتھ زہریلے مواد کو خارج کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
کیلے
اگر آپ کو کیلے کھانا پسند نہیں تو گرم موسم میں اسے کھانا ضرور عادت بنالیں، یہ پھل پانی کو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے زیادہ پسینے کے اخراج سے جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کے اثر کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ پھل پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جسمانی توانائی بحال رکھنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
خربوزے
رسیلا اور مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ یہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند بھی ہے جس میں اینٹی آکسائیڈنٹس، وٹامنز اور دیگر اجزا موجود ہیں، جن کی بدولت بینائی بہتر ہوتی ہے، بلڈ پریشر مستحکم رہتا ہے، دورانِ خون بڑھتا ہے۔ اس میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو اس موسم میں پانی کی کمی دور کرنے میں مدد دیتی ہے۔
کھیرے
جی ہاں کھیرے سبزی نہیں بلکہ پھل ہوتے ہیں اور یہ جسم کو پانی کی وافر مقدار ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ متعدد اقسام کے وٹامنز اور منرلز بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ اضافی جسمانی وزن میں کمی کے مقصد میں مدد بھی دیتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامن بی، پوٹاشیم اور میگنیشم دیگر فوائد فراہم کرتے ہیں۔