چائے کا ذائقہ اچھا بنانے کا طریقہ سائنس نے جان لیا
کچھ لوگوں کے لیے ہوسکتا ہے کہ چینی کے بغیر چائے پینے کا تصور ہی کانپنے پر مجبور کردے۔
مگر سائنس کا کہنا ہے کہ ایک کپ اچھی چائے کے لیے ایک چمچ چینی کو شامل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
یہ دلچسپ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
لندن کالج یونیورسٹی اور لیڈز یونیورسٹی جیسے معتبر اداروں کی ایک ماہ طویل تحقیق میں 64 افراد میں چائے پینے کی عادات کا جائزہ لیا گیا جو کہ اس گرم مشروب کو چینی ملا کر میٹھا کرنے کے عادی تھے۔
ان افراد کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا اور پھر کچھ افراد کو بغیر چینی کی چائے پینے کی ہدایت کی گئی، چند کو بتدریج چینی کی مقدار کم کرنے کا کہا گیا جبکہ دیگر کو میٹھی چائے پینا جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔
4 ہفتوں بعد محققین نے دریافت کیا کہ جن لوگوں نے چائے میں چینی کو شامل نہیں کیا یا اس کی مقدار میں بتدریج کمی کی، وہ اس مشروب کو پی کر بدستور لطف اندوز ہوتے رہے۔
تحقیق کے دوران 42 فیصد افراد نے چائے میں چینی کی مقدار کو کم کیا جبکہ 36 فیصد نے مکمل طور پر مٹھاس کو شامل کرنے سے گریز کیا۔
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ چینی کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جبکہ مشروبات میں چینی کی شمولیت ان کو زیادہ نقصان دہ بناتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشروبات میں چینی کی مقدار کو کم کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ اس میٹھے زہر کے مجموعی استعمال کی شرح کو کم کرنے میں مدد دے گا۔
خیال رہے کہ زیادہ چینی کا استعمال دانتوں کی فرسودگی، ذیابیطس اور موٹاپے کے ساتھ ساتھ دیگر جان لیوا امراض کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ بالغ افراد دن بھر میں 6 چمچ یا 25 گرام سے زیادہ چینی کا استعمال نہ کریں۔
یہ مشورہ ایڈڈ شوگر کے لیے ہے۔
ایڈڈ شوگر اور قدرتی مٹھاس میں کیا فرق ہے؟
ایڈڈ شوگر درحقیقت پراسیس شکر ہے جیسے سفید چینی یا شہد، جنھیں آپ مختلف غذاﺅں میں ڈال کر انہیں میٹھا بناتے ہیں، عام طور پر ایڈڈ شوگر ٹافیوں، بسکٹوں اور ایسی ہی اشیائ میں عام ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کو مٹھاس کی اس قسم کے حوالے سے کافی خدشات ہیں جو کہ ذیابیطس، موٹاپے اور متعدد امراض کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
اس کے مقابلے میں قدرتی مٹھاس وہ ہے جو پھلوں، سبزیوں، دودھ کی مصنوعات اور اجناس میں پائی جاتی ہے، یعنی مٹھاس میں کم ہونے کے ساتھ یہ صحت کے لیے دیگر فوائد کی حامل غذائیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اگر چینی کھانا چھوڑ دیں تو کیا ہوگا؟
اگرچہ دونوں اقسام کی شکر جسم کو لگ بھگ ایک جیسے طریقے سے متاثر کرتی ہے مگر ایڈڈ شوگر جسم میں آسانی سے گھل جاتی ہے جس سے بلڈ شوگر لیول بہت تیزی سے اوپر جاتا ہے۔