Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 مئ 2019 11:00pm

زلفی بخاری ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین مقرر

وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی زلفی بخاری کو پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

وزارت برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور افرادی قوت کی جانب سے مذکورہ پیش رفت سے متعلق ٹوئٹ پر آگاہ کیا گیا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’پی ٹی ڈی سی بورڈ نے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی توثیق کی‘۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر زور دیا اور اس مد میں ملکی اور غیرملکی سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے۔

گزشتہ برس حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے 175 سے زائد ممالک کو آن لائن ویزا دینے کی پیشکش کا اعلان بھی کیا تھا۔

حکومت نے ملک میں مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تاکہ بھارتی سکھ یاتری پاکستان میں اپنے مذہبی مقام کا دورہ کر سکیں۔

Read Comments