Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 مئ 2019 03:05pm

معروف مصور جمیل نقش چل بسے

معروف مصور جمیل نقش 80 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔

جمیل نقش گزشتہ کئی سالوں سے لندن میں مقیم تھے اور انہیں چند روز قبل سینٹ میری ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا، وہ نمونیہ کے مرض میں مبتلا تھے۔

جمیل نقش 1939 میں بھارت کے شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے، بعدازاں وہ پاکستان آئے اور یہاں نیشنل کالج آف آرٹس میں داخلہ لیا۔

اپنے فن مصوری کی بدولت انہوں نے دنیا میں اپنا الگ مقام اور نام بنایا، انہیں کیلی گرافی اور علامتی پینٹنگز میں نمایاں مقام حاصل تھا۔

جمیل نقش کو حکومت پاکستان کی جانب سے 1989 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 2009 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ و تعزیت کا اظہار کیا ہے، جبکہ ان کی مصوری کی تصاویر شیئر کرکے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

Read Comments