Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 مئ 2019 06:37pm

ڈالر کی قدر میں اضافہ، انٹربینک مارکیٹ میں 152 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

ڈالر ایک مرتبہ پھر اپنی اونچی اڑان کی جانب گامزن ہے اور اب کاروباری دن کے اختتام تک انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں اس کی قدر 152 روپے ہوگئی۔

مارکیٹ میں کاروباری روز کے آغاز میں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 148.25 روپے تھی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس میں پہلے 75 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد اس کی قدر 149.50 روپے ہوگئی تھی۔

اسی قدر کے ساتھ کاروباری روز کے اختتامی لمحات تک ڈالر مستحکم رہا لیکن کمرشل بینکوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی جانے والے خریداری کی وجہ سے دن کے اختتام پر اس کی قدر مجموعی طور پر 3 روپے 75 پیسے اضافے کے ساتھ 152 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافہ آخری ایک گھنٹے کے دوران دیکھنے میں آئی۔

اگر اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا آغاز 151 روپے کے ساتھ ہوا تھا تاہم اس کا اختتام 152.50 پر ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان

حکومت پاکستان کی جانب سے نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ (این آئی ٹی) کے تحت 20 ارب روپے کے فنڈ کے اعلان کے بعد حصص مارکیٹ میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کا آغاز 33,166 پوائنٹس کے ساتھ ہوا، تاہم آغاز میں کے ایس ای 100 انڈیکس تنزلی کا شکار رہا۔

انڈیکس 814 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 32,352 کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم اس میں بہتری دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 333,22 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جو مجموعی طور پر 155 پوائنٹس کی بہترین تھی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس 84 پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 33,250 پوائنٹس پر بند ہوا۔

Read Comments