Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جون 2019 09:57pm

پاک-بھارت میچ، ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ میں ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر حکمت عملی تیار کرلی ہے اور میگا ایونٹ کے سب سے بڑے میچ کے دوران مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیے جائیں گے۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ایونٹ کا سب سے اہم ترین میچ کھیلا جائے گا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق میچ میں شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے 5 لاکھ شائقین کرکٹ نے درخواست کی جبکہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش صرف 25 ہزار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ میچ کے لیے مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔

اسٹیڈیم کے ارد گرد کی آبادی میں لوگوں کی آمدو رفت کی بھی نگرانی کی جائے گی اور اس سلسلے میں پولیس نے مقامی پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کی جانچ پڑتال بھی مکمل کر لی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاک-بھارت کشیدہ صورت حال کے باوجود برطانیہ میں پاک-بھارت کمیونٹی میں نفرت انگیزی نہیں پائی جاتی جس سے توقع ہے کہ میچ میں کسی قسم کی بدمزگی نہیں ہو گی۔

Read Comments