'نواز شریف کی طبعیت ٹھیک ہے، مریم نواز عوام سے جھوٹ نہ بولیں'
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبعیت بالکل ٹھیک ہے، مریم نواز ان کی طبعیت سے متعلق عوام سے جھوٹ نہ بولیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شہباز گل نے اپنی ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز موجود ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی طبعیت کی خرابی سے متعلق کبھی کوئی شکایت نہیں کی۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہی ہیں کہ نواز شریف کی طبعیت خراب ہے لیکن ان کے روزانہ کی بنیادوں پر ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف نے ایک مرتبہ بھی انجائنا کے در کی شکایت نہیں کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے ایک یا 10 نہیں بلکہ 225 افراد نے جیل میں ملاقات کی۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف کو انجائنا کا درد ہوتا ہے تو کیا وہ 225 افراد کے مجموعے سے جیل میں جلسہ کریں گے؟
شہباز گل نے مریم نواز کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف سخت جملے استعمال کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان سے متعلق بد زبانی استعمال کرنا نہ چھوڑی تو میں دنیا کو یہ بتاؤں گا کہ نواز شریف کو جیل میں کیا کیا سہولیات دی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اپنے والد کی صحت سے متعلق متعدد بار تحفظات کااظہار کرچکی ہیں۔
رواں سال 27 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا کو طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کے لیے معطل کیا تھا۔
اس سے قبل مریم نواز نے اپنے والد کے لیے جیل حکام سے لائف سیونگ یونٹ قائم کرنے کی درخواست کی تھی۔
مریم نواز نے نواز شریف سےملاقات کے بعد ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے معائنے کے لیے بھیجے گئے کارڈیالوجسٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے دل کی بیماری ‘بگڑ’ چکی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘میں نے جیل حکام سے درخواست کی ہے کہ جیل کی حدود میں فوری طور پر طبی امداد اور لائف سیونگ یونٹ قائم کیا جائے’۔