Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 جون 2019 01:10am

سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر فتح محمد برفت معطل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فتح محمد برفت کو ان کے خلاف جاری مبینہ بے قاعدگیوں کی تفتیش مکمل ہونے تک عہدے سے معطل کر دیا۔

حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے پروفیسر فتح محمد برفت کو سندھ یونیورسٹیز اینڈ انسٹیٹیوٹس ترمیمی ایکٹ 2018 کے سیکشن 13 کے تحت انکوائری کی تکمیل تک وائس چانسلر کے عہدے سے معطل کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پروفیسر فتح محمد برفت کے خلاف تفتیش پہلے سے ہی جاری ہے اور معطلی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں پروفیسر فتح محمد برفت پر عائد الزامات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر سندھ یونیورسٹی میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ، گاڑیوں کا بے جااستعمال، خلاف ضابطہ بھرتیاں اور جعلی بلوں کی ادائیگی کے الزامات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے تفتیش کی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پروفیسر فتح محمد برفت کی جگہ بدین میں سندھ یونیورسٹی کیمپس کے پرو وائس چانسلر محمد صدیق کلہوڑو کو وائس چانسلر کا اضافی چارج بھی دے دیا ہے۔

خیال رہے پروفیسر فتح محمد برفت اپنی برطرفی کے خلاف پہلے ہی سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرچکے ہیں۔

Read Comments