Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 جون 2019 03:52pm

آئیں متحد ہوکر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر کی نماز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے رہائشی علاقے بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔

اس موقع پر ان کے سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز کی ادائیگی کی، نماز کے بعد وزیراعظم نے لوگوں سے عید ملی اور انہیں مبارک باد دی۔

—فوٹو: بشکریہ عمران خان فیس بک پیج

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں عوام کو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میرے پاکستانیوں کو عید مبارک، آئیں ہم ایک قوم کی طرح متحد ہو کر معاشی بحران پر قابو پانے کی کوشش کریں تاکہ معاشرے کے غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پر ایک اور ٹوئٹ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے پر وزیر توانائی کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ ' وزیر توانائی عمر ایوب اور سیکریٹری عرفان علی کو بجلی چوری اور اس کی فراہمی میں موجود رکاوٹیں دور کرنے پر مبارک باد دیتا ہوں، جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ شہریوں کو لوڈ شیڈنگ فری رمضان گزارنے کی سہولت حاصل ہوئی'۔

اس کے علاوہ عید الفطر کے موقع پر عوام کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت مندوں اور غریبوں کو خوشیوں میں شریک اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کر کے ہی عید کی حقیقی خوشیوں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

—فوٹو: بشکریہ عمران خان فیس بک پیج

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے، قربانی اور سخاوت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

قوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ صرف اسی صورت میں دوسروں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکتے ہیں جب وہ اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے حسد لالچ اور نفرت جیسے منفی رویوں کو ترک اور سخاوت کو فروغ دیں۔

—فوٹو: بشکریہ عمران خان فیس بک پیج

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ترقی اور خوش حالی پر گامزن کرنے کا سفر شروع کیا ہے، انسانی تاریخ میں مدینہ کی ریاست ایک ماڈل بن چکی ہے اور انسانی بہبود کے لیے کردار ادا کرنے پر تکریم سمیٹی ہے موجودہ حکومت پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست میں ڈھالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

عمران خان نے دعا کی کہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہر پاکستانی کی خواہش ہے۔

Read Comments