Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 جون 2019 05:25pm

ٹنڈولکر نے آسٹریلیا کی بیٹ ساز کمپنی پر مقدمہ کردیا

سابق عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے خلاف ضابطہ ان کا نام استعمال کرنے پر آسٹریلیا کی بیٹ ساز کمپنی پر مقدمہ کرتے ہوئے 2ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کردیا۔

رواں ماہ آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ میں ٹنڈولکر کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کھیلوں کا سامان بنانے والی کمپنی 'اسپارٹن اسپورٹس انٹرنیشنل نے ٹنڈولکر کا نام استعمال کرنے کے لیے 2016 میں معاہدہ کرتے ہوئے سالانہ ایک ملین ڈالر کی رقم ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ریٹائرڈ بلے باز نے اس کے بعد اسپارٹن کے لیے کھیلوں کی مصنوعات کی تشہیر شروع کی اور اس سلسلے میں لندن اور ممبئی سمیت کئی مقامات پر تشہیری مہم میں بھی شرکت کی۔

تاہم 2018 میں کھیلوں کی مصنوعات بنانے والی کمپنی انہیں معاہدے کے تحت پہلی ادائیگی نہ کر سکی جس پر ٹنڈولکر نے انہیں رقم کی ادائیگی کی درخواست کی لیکن کئی مرتبہ یاد دہانی کے باوجود بھی رقم ادا نہ کی گئی۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ جب رقم کی ادائیگی نہ کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو میں نے معاہدہ ختم کردیا اور کمپنی سے کہا کہ وہ میرے نام و تصویر سمیت کسی بھی چیز کا استعمال بند کردیں لین اسپارٹن کی جانب سے تاحال یہ سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں اسپارٹن کے قانونی مشیر سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے اس حوالے سے کوئی بھی موقف دینے سے انکار کردیا۔

یہ مقدمہ پانچ جون کو درج کیا گیا اور اس کی پہلی سماعت 26 جون کو سڈنی کی عدالت میں ہو گی۔

Read Comments