Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 جون 2019 02:06am

مریم نواز نے اپنے چچا کا مذاق اڑایا اور پارٹی پر خودکش حملہ کیا، فردوس عاشق

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میثاق معیشت کو مذاق کہہ کر مریم نواز نے اپنے ہی چچا کا مذاق اڑایا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے معاشی مسائل کے حل کے لیے ایک جگہ بیٹھنے کے حوالے سے 'میثاق معیشت' کی تجویز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دی تھی۔

آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چارٹر آف اکانومی کو مذاق معیشت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’موجودہ حکومت، جس نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، سے کوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا‘۔

مزید پڑھیں: مریم نواز میثاق معیشت کی مخالف، حکومتی کوشش کو مذاق قرار دے دیا

فردوس عاشق اعوان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’مریم نواز کو چاہیے تھا کہ وہ شہباز شریف سے جماعت کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کریں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز نے میثاق معیشت کو مذاق قرار دے کر اپنے چچا کا مذاق اڑایا اور کہا کہ وہ اس سے متفق نہیں‘۔

نواز شریف کی جیل میں صحت کی خرابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’کیا مریم نواز ایک کوالیفائڈ ڈاکٹر ہیں؟ انہیں اپنے والد کی صحت کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل کی درست عکاسی نہیں کررہیں، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز میڈیکل کے شعبے میں داخل تو ہوئی لیکن غیر نصابی سرگرمیوں میں اتنی ملوث ہوگئیں کہ وہ ڈاکٹری میں پیچھے رہ گئیں‘۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز نے آج جو صف ماتم بچھایا اس میں سب سے پہلے اپنے ہی چچا کے خلاف نوحہ پڑھا اور اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) 2 بیانیوں میں پھنسی ہی نہیں بلکہ اس میں دھنس گئی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے مسلسل حکومت پر نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے مگر آج ان کی راجکماری نے رپورٹس کو پڑھ کر سنایا اور خود معاملے کو سیاست کی نظر کیا ہے‘۔

Read Comments