Dawn News Television

شائع 24 جون 2019 11:09pm

انجری کے سبب آندرے رسل کا ورلڈ کپ میں سفر تمام

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو عالمی کپ کے دوران بڑا دھچکا لگا ہے اور اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

رسل ورلڈ کپ سے قبل بھی انجری مسائل کا شکار تھے لیکن ان کے تجربے اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ویسٹ انڈین کرکٹ حکام نے انہیں ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

رسل نے اس عالمی کپ کجے پہلے ہی میچ میں اس فیصلے کو درست ثابت کردیا تھا اور پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

تاہم اس کے بعد سے انہیں انجری مسائل نے گھیر لیا جو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل شدت اختیار کر گئی اور وہ کیویز کے خلاف میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

رسل گھٹنے کی سنگین انجری کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے وہ بقیہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے رسل کے متبادل کے طور پر سنیل ایمبرس کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈین عالمی کپ میں پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

Read Comments