Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 جون 2019 12:06pm

والدہ کے ساتھ برگر اور شوارما فروخت کرتی باہمت لڑکی

کہتے ہیں کہ اگر کچھ کرنے کی لگن ہو تو انسان کچھ بھی کرسکتا ہے، لاہور کی ایک باہمت لڑکی نے اسی بات کو سچ کر دکھایا۔

23 سالہ دعا خان کو غربت نے اتنا بہادر بنا دیا کہ اس نے شام نگر کے علاقے میں برگر اور شوارما پوائنٹ بنا لیا۔

دعا اپنی والدہ کے ساتھ قرض کی رقم اور قسطوں پر لی گئی ایشیاء سے اب اپنا کاروبار چلا رہی ہیں۔

اگرچہ غربت اور پریشانیوں نے اس لڑکی کا حوصلہ اور بڑھادیا، لیکن زمانے کی تنگ نظری اور پولیس کے ناروا رویے نے دعا خان کو بے حد مایوس کیا۔

دعا کی والدہ رخسانہ بی بی بھی ایک باہمت خاتون ہیں جو ضعیف العمری کے باوجود بیٹی کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔

رخسانہ بی بی کا بڑا بیٹا کینسر کے باعث انتقال کرگیا جبکہ خاوند عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث کام نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے وہ اور ان کی بیٹی محنت کرکے اپنی اور پورے گھر کی کفالت کررہی ہیں۔

مالی اور معاشرتی مشکلات کے باوجود دونوں ماں بیٹی پرعزم ہیں کہ وہ رزق حلال کماتے ہوئے خواتین کے لیے عزم و ہمت کی مثال قائم کریں گی۔

Read Comments