Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019 05:36pm

کراچی: تاجر ایکشن کمیٹی کا 3 روزہ ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

گورنر سندھ عمران اسمعیٰل کا تاجر برادری کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کے بعد تاجر ایکشن کمیٹی نے 3 روزہ ہڑتال کی کال موخر کردی۔

واضح رہے کہ تاجر ایکشن کمیٹی نے وفاقی بجٹ میں تاجروں پر لگائے گئے ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیر سے 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔

بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسمعٰیل نے تاجر برادری سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم عمران خان سے 11 جولائی کو ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ 'تاجر برادری سے آج ہونے والی ملاقات میں چیئرمین بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) شبر زیدی سے بھی بات کرائی گئی ہے اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ تاجر برادری کے تحفظات دور کیے جائیں گے'۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ' موبائل فونز، پرانے کپڑوں پر عائد کردہ زائد ٹیکسز پر تاجروں سے بیٹھ کر بات کی جائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تمام معاملات چیئرمین وفاقی بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) شبر زیدی کی مشاورت سے حل کیے جائیں گے'۔

انہوں نے کہا 'تاجر برادری نے ٹیکس نیٹ میں اضافے اور ریوینیو بڑھانے کے حوالے سے چند تجاویز بھی پیش کی ہیں جس پر غور کیا جائے گا'۔

عمران اسمعیٰل نے کہا کہ 'تاجر برادری کی وزیر اعظم سے ملاقات تک ہرٹال کی کال واپس لینے کی درخواست کی تھی جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے'۔

Read Comments