Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2019 08:32pm

روس نے کرکٹ کو کھیل ہی ماننے سے انکار کردیا

کرکٹ کو فٹبال کے بعد دنیا کا سب سے بڑا کھیل مانا جاتا ہے لیکن روس کی حکومت یہ حقیقت ماننے سے انکاری ہے اور انہوں نے کرکٹ کو سرے سے کھیل ہی ماننے سے انکار کردیا ہے۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی جانب سے بھی کرکٹ کو تسلیم جا چکا ہے لیکن 1900 کے بعد سے اولمپکس میں اس کھیل کو نہیں کھیلا گیا۔

15جولائی کو روس میں حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں تسلیم شدہ کھیلوں کے نام درج تھے لیکن اس فہرست میں کرکٹ شامل نہیں تھا ۔

روس کی جانب سے سرکاری سطح پر جن کھیلوں کو تسلیم کیا گیا ہے ان میں منی گالف اور ڈراف جیسے کھیل بھی شامل ہیں لیکن کرکٹ کو کھیل ماننے سے ہی انکار کردیا گیا ہے۔

کھیل کو تسلیم نہ کیے جانے کا یہ مطلب نہیں روس میں اس کھیل کو کھیلا نہیں جا سکے گا بلکہ اس کے بجائے حکومت کی جانب سے اس کھیل کو کھیلنے کے لیے کسی بھی قسم کی معاونت یا مالی مدد نہیں کی جائے گی۔

ماسکو کرکٹ اسپورٹس فیڈریشن کے رکن الیگزینڈر سوروکن نے کہا کہ کرکٹ کو تسلیم نہ کیے جانے کی وجہ وزارت کھیل میں جمع کرائی گئی درخواست میں غلطیاں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اگلے سال پھر درخواست دائر کرے گی اور اس اس مرتبہ ہم کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔

اس کے ساتھ روسی حکام نے تھائی باکسنگ کو بھی کھیل ماننے سے انکار کردیا ہے۔

یاد رہے کہ روسی حکومت کا یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا تھا جب ایک دن قبل 14جولائی کو انگلینڈ نے ورلڈ کپ جیت کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعلان کردیا۔

Read Comments