Dawn News Television

شائع 21 جولائ 2019 10:06pm

خاتون پر دوران پرواز دروازہ کھولنے پر ایک لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد

فضائی سفر کے دوران آپ کا خراب رویہ انتہائی بھاری جرمانے کا باعث بن سکتا ہے۔

اگر یقین نہیں آتا تو ایک 25 سالہ خاتون کول ہینز سے پوچھ لیں جن کو برطانوی فضائی کمپنی جیٹ 2 کے طیارے کے دوران 'جارحانہ اور خطرناک' رویے پر ایک لاکھ 6 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ 69 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

22 جون کو لندن سے ترکی جانے والی پرواز کے دوران اس خاتون نے طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور مسافروں و عملے نے بمشکل اس خاتون کو قابو پاکر باندھ دیا۔

خاتون کو باندھنے میں مدد دینے والے ایک مسافر کے مطابق اس خاتون نے عملے سے مارپیٹ کی اور ان کو دھمکانے کی کوشش بھی کی۔

اس واقعے کے نتیجے میں پائلٹ نے طیارے کو واپس لندن کی جانب موڑ لیا جبکہ 2 جنگی طیارے نے گھیرے میں لے کر اسے منزل پر پہنچایا۔

مسافروں کے مطابق جب کول ہینز کو باندھ دیا گیا تو وہ چیخ کر بولنے لگی 'مجھے کھولوں میں سب کو قتل کرنے والی ہوں'۔

فوٹو بشکریہ مائیکل واکر

طیارے کو اپنے گھیرے میں لے کر چلنے والے برطانوی فضائیہ کے طیاروں سے غلطی سے سونک بوم (آواز کی رفتار سے زیادہ رفتار ہونے والا شاک ویو) بھی ہوگیا۔

بیکرشائر سے تعلق رکھنے والی کول ہینز کو بعد ازاں پولیس نے حملے، مجرمانہ نقصان اور طیارے کو خطرے کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا۔

اس واقعے کو لگ بھگ ایک مہینہ مکمل ہونے پر جیٹ 2 نے ایک بیان میں مسافر پر 85 ہزار پاﺅنڈز جرمانے اور فضائی کمپنی کے طیاروں پر سفر پر زندگی بھر کی پابندی عائد کی۔

جیٹ 2 کے چیف ایگزیکٹو اسٹیو ہیپے کے مطابق کول ہینز کا روزانہ انتہائی سنگین معاملہ تھا جس کا ہمیں سامنا ہوا، اب اسے اپنے اقدامات کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا اور ہم اس نقصان کی تلافی اس سے کریں گے جو طیارے کو واپس موڑنے کے نتیجے میں ہوا۔

Read Comments