Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 اگست 2019 05:22pm

منی لانڈرنگ،آمدن سے زائد اثاثے:احتساب عدالت کا سلمان شہباز کی گرفتاری کا حکم

لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان کے توسط سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سلمان شہباز منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے میں ملوث ہیں، لہٰذا عدالت ان کی گرفتاری کا حکم دے۔

عدالت کے جج امیر محمد خان نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور پولیس کو 10 اگست تک انہیں ہر حال میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب نے شہباز شریف کے بڑے بیٹے حمزہ شہباز کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے اور ان کے جسمانی ریمانڈ میں کئی بار توسیع کی جاچکی ہے۔

Read Comments