سندھ میں چھوٹی گاڑیوں کے مالکان سے تاحیات ٹیکس وصولی کا فیصلہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صوبوں کی جانب سے چھوٹی گاڑیوں پر تاحیات ٹیکس وصولی کے ٹوکن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھوٹی گاڑیوں کے مالکان سے تاحیات ٹیکس وصولی کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 1000cc تک کی گاڑی رکھنے والے مالکان، 18 سو روپے سالانہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں جس میں 8 سو روپے انکم ٹیکس شامل ہے لیکن انہیں اب فائلر ہونے کی صورت میں 20 ہزار روپے بشمول 10 ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل پر عائد ٹیکس میں بھی اضافہ ہو جائے گا جہاں اب مالکان اپنے تاحیات ٹیکس ٹوکن کی مد میں ایک ہزار روپے ادا کریں گے۔
علاوہ ازیں ایسے افراد جو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں نہیں ہیں، انہیں 10 ہزار روپے اضافی ٹیکس ادا کرنا ہو گا جس کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں: صنعت کار ٹیکس چوری کے لیے جعلی اکاؤنٹس استعمال کرنے لگے
تاہم پینشنرز کے ساتھ ساتھ ایسے افراد جنہیں انکم ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے وہ انکم ٹیکس کمشنر کو ایک درخواست جمع کروائیں گے جس میں وہ موقف اختیار کریں گے کہ انہیں اپنی اضافی آمدنی پر ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی ضرورت نہیں۔
انکم ٹیکس کمشنر اس درخواست کا جواب ایک ماہ کے اندر دینے کا مجاز ہوگا لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرسکا تو درخواست گزار کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا جائے گا۔
مذکورہ اسکیم کا مقصد متوسط طبقے کے افراد کو ہدف بنانا ہے لیکن زیادہ تر افراد اسے اپنے لیے بوجھ ہی تصور کریں گے۔
فنانس ایکٹ 2019 کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور جیپ پر تاحیات ٹیکس ٹوکن متعارف کروایا تھا، جو اسلام آباد میں رائج تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس اکٹھا کرنے کے لیے ہندوستان اور چین سے سبق سیکھیں
وفاقی دارالحکومت کے طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے سندھ حکومت نے بھی ایک ہزار سی سی انجن کی حامل کاروں اور جیپ پر تاحیات ٹیکس ٹوکن متعارف کروادیا جس کا اطلاق یکم جولائی سے کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 2012 میں پہلی مرتبہ محکمہ ایکسائز پنجاب نے مذکورہ طریقہ کار کو متعارف کروایا تھا۔
ادھر ایف بی آر کے ترجمان حامد عتیق نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تاحیات ٹیکس ٹوکن متعارف کروانے کا فیصلہ محکمہ ایکسائز سندھ نے کیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں ہونڈا نے گاڑیوں کی پیداوار روک دی
اپنی بات جو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس تاحیات ٹیکس ٹوکن کے ساتھ پیشگی انکم ٹیکس کی وصولی کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے تاحیات انکم ٹیکس کا جدول متعارف کروادیا ہے جو گاڑیوں کے انجن کی صلاحیت کے مطابق ہوگا۔