ارب پتی امریکی جیفری اپسٹن کے خلاف سیکس اسکینڈل کیس ختم
رواں ماہ 10 اگست کو امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں موجود جیل میں خودکشی کرنے والے ارب پتی امریکی شخص جیفری اپسٹن کے خلاف عدالت نے سیکس اسکینڈل ختم کردیا۔
جیفری اپسٹن کو رواں برس جولائی کے آغاز میں درجنوں خواتین کے ’ریپ‘ انہیں بلیک میل کرنے اور انہیں جنسی غلام بنائے رکھنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
69 سالہ جیفری اپسٹن کے خلاف سیکس اسکینڈل کے تحت نیویارک کی فیڈرل کورٹ میں کیس زیر سماعت تھا کہ انہوں نے جیل میں خودکشی کرلی تھی۔
ممکنہ طور پر اگر ان کے خلاف الزامات ثابت ہوجاتے تو انہیں کم سے کم 15 سے 25 برس قید اور جرمانہ ہوسکتا تھا، تاہم انہوں نے سنگین الزامات کے بعد خودکشی کرلی تھی۔
ان کے اسکینڈل کیس میں ملکہ برطانیہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو کا نام بھی سامنے آیا تھا۔
سیکس اسکینڈل میں برطانوی شہزادے کا نام آنے پر تہلکہ مچ گیا تھا اور برطانیہ کے شاہی محل کو اس حوالے سے وضاحت کرنی پڑی تھی۔