Dawn News Television

شائع 06 ستمبر 2019 12:18am

74 سال کی عمر میں جڑواں بچیوں کو جنم دینے والی ماں

عام طور پر تصور کیا جاتا ہے کہ 40 سال کے بعد خواتین کے لیے ماں بننے کا امکان کم ہوجاتا ہے مگر ایک 74 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دے کر سب کو دنگ کردیا۔

بھارت سے تعلق رکھنے والی ارامتی مانگیاما نے آئی وی ایف طریقہ علاج کی مدد سے 74 سال کی عمر میں صحت مند جڑواں لڑکیوں کو جنم دیا اور اس طرح ممکنہ طور پر اس عمر میں جنم دینے والی سب سے معمر ماں بھی بن گئیں۔

آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی خاتون کی عمر کی فی الحال سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ،تاہم اگر ان کا دعویٰ درست ثابت ہوا تو وہ موجودہ ریکارڈ ہولڈر خاتون ماریہ ڈیل کارمین سے 8 سال بڑی ہوں گی۔

اس خاتون کی پہلے کوئی اولاد نہیں تھی اور وہ ہمیشہ سے بچوں کو چاہتی تھیں۔

ان کے بقول 'میں الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرسکتی، ان بچیوں نے مجھے مکمل کردیا، میرا 60 برسوں کا انتظار ختم ہوا اور اب مجھے کوئی مزید بانجھ نہیں کہہ سکے گا'۔

فوٹو بشکریہ ڈیلی میل

انہوں نے بتایا 'مجھے آئی وی ایف سے مدد لینے کا خیال اس وقت آیا جب میری ایک پڑوسن 55 سال کی عمر میں حاملہ ہوئی'۔

اس وقت سب سے زیادہ معمر ماں بننے کا ریکارڈ رکھنے والی خاتون نے 2006 میں 66 سال اور 358 دن کی عمر میں جڑواں بیٹوں کو جنم دیا تھا۔

آئی وی ایف طریقہ علاج میں مدد دینے والے ڈاکٹروں کے مطابق جب خاتون نے گزشتہ سال نومبر میں ان سے رابطہ کیا تو وہ ان کی عمر دیکھ کر حیران رہ گئے، مگر پھر اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا۔

بچیوں کی پیدائش کا بیشتر خرچہ بھی اسی آئی وی ایف کلینک نے اٹھایا۔

Read Comments